مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکہ اور صہیونی حکومت کی جانب سے ایران پر مسلط کردہ 12 روزہ اور 40 روزہ جنگوں کے بعد ایران روایتی فوجی جنگ میں بازدارندگی کی سطح تک پہنچ چکا ہے۔ تاہم دیگر شعبوں میں بھی مضبوط دفاع کی صلاحیت حاصل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنے دشمنوں کو فوجی اور سیاسی دونوں محاذوں پر شکست دینے میں کامیاب رہا ہے۔ امریکہ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نہ صرف ایران کے ساتھ جنگ میں فوجی شکست کا سامنا کرنا پڑا بلکہ اپنے عوام میں بھی سیاسی نقصان اٹھانا پڑا۔
قالیباف نے خبردار کیا کہ اگر دشمن نے غلط اندازہ لگاتے ہوئے دوبارہ جنگ مسلط کی تو ایران اس بار 40 روزہ جنگ سے مختلف انداز میں اس کا مقابلہ کرے گا۔
انہوں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو نہ جنگ اور نہ امن کی کیفیت ختم کرنی ہوگی۔ جنگ کے خطرے کا خاتمہ صرف مذاکرات یا جنگ سے نہیں بلکہ پائیدار ڈیٹرنس کے حصول سے ممکن ہے۔
قالیباف کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کے اہداف میں اسلامی جمہوریہ ایران کا تختہ الٹنا شامل تھا، جبکہ اسرائیل ایران کو تقسیم کرنے کا بھی خواہاں تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز دونوں ایران میں نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، البتہ ان کے طریقہ کار مختلف ہیں۔
انہوں نے ایران کو ایک مستحکم علاقائی طاقت قرار دیتے ہوئے قومی اتحاد برقرار رکھنے اور دشمن کے سامنے کمزوری ظاہر نہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
آپ کا تبصرہ